کوئٹہ: اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی کچھی کینال کے دو واٹر کورس وزیراعظم کی جانب سے افتتاح کے بیس روز بعد ہی ناقص تعمیراتی مواد کے استعمال کے باعث تباہی کا شکار ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے لنجو سغاری میں کچھی کینال سے نکلنے والی دو چھوٹی نہریں واٹر کورس نمبر چار اور پانچ کا سو فٹ حصہ سے زائد حصہ پانی بہاکر لے گیا۔
واپڈا کچھی کینال ڈیرہ بگٹی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر آفتاب مگسی نے تصدیق کی کہ دونوں چھوٹی نہروں کو تین مختلف مقامات پر نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی زمینداروں نے زیادہ پانی کے حصول کیلئے مٹی ڈال کر نہر کو بند کردیا جس سے پانی اوور فلو ہوا ۔اس طرح ان چھوٹی نہروں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ دو مقامات سے نہر کی مرمت کرلی گئی ہے ۔
باقی حصے کی بھی جلد مرمت کردی جائے گی۔ یاد رہے کہ کچھی کینال کا افتتاح 14ستمبر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا۔ منصوبے کو پندرہ سال میں 80 ارب کی لاگت سے مکمل کیا گیا تھا۔
363کلو میٹرلمبی مرکزی کینال تونسہ بیراج سے نکلتی ہے اور بلوچستان کے بنجر ضلع ڈیرہ بگٹی تک پہنچتی ہے۔ اس نہر میں پانی کی گنجائش 6000 کیوسک ہے جبکہ منصوبے کے تحت 914 ڈھانچے تعمیر کئے گئے ہیں