|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2017

ماسکو: سعودی فرمانروا شاہ سلمان سرکاری دورے پر روس میں موجود ہیں اور اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر کے کئی سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ روسی صدر ولادن پوٹین کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں ۔

اس دورے میں دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کے ایجنڈے میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کا فروغ سرفہرست ہے۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی  عرب روس سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے دونوں ممالک خودمختاری کے اصولوں ،دوستانہ روابط کے فروغ  چاہتے ہیں اور داخلی امور میں کسی قسم کی مداخلت  نہ کرنے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی شاہ کے دورہ ماسکو کا مقصد شدت پسندی کی روک تھام اور دہشت گردی کی تمام شکلوں سے نمٹنے کے چیلنجز کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کےلیے مشترکہ حکمت وضع کرنا ہے۔

سعودی شاہ کے دورے کے موقع پردو طرفہ تجارت ،توانائی ،زراعت ، اقتصادی اور صنعتی شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

دونوں ممالک کے درمیان 10بڑے سمجھوتوں طے پانے کا امکان ہے جس سے باہمی تعلقات  کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔