پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کیا جائے۔
پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں اس وقت کوئی نظام نہیں اور بہت برے حالات ہیں، فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کیا جائے، صوبائی حکومت فاٹا کو لینے کے لیے تیار ہے، مجھے خطرہ ہے کہ فاٹا کو خیبرپختون خوا میں ضم کرنے کا موقع ضائع کیا جارہا ہے، وفاق اس سلسلے میں اقدامات نہیں کررہا۔
چیرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کے انضمام کا سلسلہ 2018 میں شروع کیا جائے تاکہ قبائلی نمائندے صوبائی اسمبلی میں پہنچیں، 2004 کے قبائلی علاقوں کے ساتھ جو سلوک ہوا ان کی آواز سننے والا کوئی نہیں تھا، فاٹا کو ضم کرنے میں تاخیر سے کرپٹ مافیا کو فائدہ پہنچے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف فوج اور سپریم کورٹ پر حملے کیلئے (ن) لیگ کو استعمال کررہے ہیں، منی لانڈرنگ کا جرم ثابت ہونے پر بیرون ملک ان کی اربوں روپے کی جائیدادیں اور اثاثے منجمد ہوجائیں گے اور وطن واپس لائے جائیں گے۔