کراچی: سندھ کے ارکان اسمبلی، وزیراعلیٰ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر، وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سمری منظور ہوگئی ہے۔
سندھ کے ارکان اسمبلی، وزیراعلیٰ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر، وزرا، مشیروں اور معاون خصوصی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی سمری منظور ہوگئی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سمری پر دستخط بھی کردیئےہیں اور اس اضافے کے بعد سرکاری خزانے میں مجموعی طور پر ماہانہ ڈھائی کروڑ اور سالانہ 25 سے 30 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ تنخواہوں و مراعات میں اضافے کا اطلاق جولائی 2016 سے ہوگا۔
رواں سال کے بجٹ میں کئے گئے اضافے کے مطابق 126 ارکان اسمبلی، وزرا، معاونین خصوصی اور مشیروں کی تنخواہوں و مراعات میں 150 فیصد اور وزیراعلیٰ سندھ ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں و مراعات میں 300 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ و اسپیکر اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ جب کہ دونوں کو گھر کے کرائے اور مرمت کی مد میں ماہانہ 1 لاکھ 40 ہزار روپے ملیں گے۔
ڈپٹی اسپیکر کی ماہانہ تنخواہ 70 ہزار سے بڑھ کر 1 لاکھ 40 ہزار روپے ہوگئی ہے جب کہ انہیں گھر کے کرائے اور دیگر مراعات کی مد میں 55 ہزار روپے اضافی دیئے جائیں گے۔ وزرا اور مشیروں کی تنخواہیں 30 ہزار سے بڑھ کر 75 ہزار روپے ہوگئی ہے جب کہ انہیں گھر کے کرائے کی مد میں 55 ہزار، گھر کی مرمت کی مد میں 50 ہزار اور 500 لیٹر پیٹرول بھی دیا جائے گا۔
ارکان اسمبلی کی ماہانہ تنخواہیں 24 ہزار سے بڑھ کر 50 ہزار روپے ہوگئی ہے اور انہیں کرائے اور دیگر مراعات کی مد میں ماہانہ 1 لاکھ روپے بھی ملیں گے۔ پارلیمانی سیکریٹریز کی ماہانہ تنخواہوں میں 40 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اب ان کی تنخواہیں 10 ہزار سے بڑھ کر 60 ہزار روپے ہوگئی ہے اور انہیں 45 ہزار روپے گھر کے کرائے کی مد میں، 30 ہزار گھر کی مرمت، 20 ہزار یوٹیلیٹی الاؤنس اور 4 سو لیٹر پیٹرول ماہانہ ملیں گے۔
مشیروں کی تنخواہیں بھی 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 70 ہزار روپے کردی گئی ہیں اور ماہانہ الاؤنسز میں 45 ہزار گھر کے کرائے، 30 ہزار گھر کی مرمت، 20 ہزار یوٹیلیٹی الاؤنس اور دیگر مراعات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ، وزرا اور اراکین اسمبلی کی حادثاتی موت کی صورت میں لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔