|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2017

ریاض: سعودی عرب میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں 10 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے علاقے بدر میں ایک بڑی ورک شاپ میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری جگہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور انسانوں سمیت اندر موجود ہر شے کو جلا کر خاکستر کردیا۔

ورک شاپ میں لکڑی کی اشیا بنائی جاتی تھیں جس کی وجہ سے آگ بہت تیزی سے پھیلی اور اندر موجود لوگوں کو جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔

سعودی شہری دفاع کے محکمہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں واقعے کے بارے میں بتایا اور 10 افراد کی ہلاکتوں  کی تصدیق کی۔

محکمے نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے اب آگ پر قابو پالیا ہے اور سوشل میڈیا پر آگ بجھانے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

سعودی حکام نے تاحال جاں بحق اور زخمی ہونے والے کی قومیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے کہ آیا وہ مقامی تھے یا تارکین وطن محنت کش تھے۔