|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2017

 اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ روز ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 بچے شہید اور 4 زخمی ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 2017 میں اب تک بھارت کی جانب سے 1100 سے زائد بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے جس کے نتیجے میں 46 شہری شہید اور 159 زخمی ہوچکے ہیں۔ 2016 میں بھارت نے سیزفائر کی 382 بار خلاف ورزی کی تھی۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں پاکستان نے موقف اپنایا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003 میں میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے اب تک ہونے والی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے اور اپنی فوج کو سیز فائر کے احترام کا پابند بنائے تاکہ ایل او سی پر امن قائم رہے۔