|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2017

 کراچی: سٹی کورٹ میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں ملوث 4 اغواکار عدالت سے فرار ہوگئے۔

اغوابرائے تاوان کے مقدمے میں گرفتار 4 اغواکاروں بابر،ناصر،جنید اور بابرعزیز کو عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے سیشن عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تو عدالت سے درخواست مسترد ہوتے ہی ملزمان پولیس کو چکما دے کر باآسانی فرار ہوگئے۔ واقعہ پرعدالت نے ریمارکس دیے کہ  لگتا ہے پولیس ملزمان سے ملی ہوئی ہے۔

مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس نے سٹی کورٹ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فیروز آباد سے شہری اقبال کو اغوا کرکے ساڑے 4لاکھ روپے تاوان وصول کیا جب کہ  شہری کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی بھی لوٹی تھی۔

واضح رہے کہ احاطہ عدالت سے ملزمان کے فرار ہونے کا یہ پہلا واقعہ  نہیں، اس سے قبل بھی سٹی کورٹ سے خطرناک دہشتگرد اور لیاری گینگ وار کے ملزمان پولیس کو دھوکا دے کر فرار ہوتے رہے ہیں۔