کرکوک:عراقی فوج نے آزادی کا ریفرنڈم کرانے پر ریاست کردستان پر چڑھائی کردی ہے اور کرد افواج سے زبردست جھڑپیں ہورہی ہیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق عراق سے علیحدگی کا ریفرنڈم کرانے پر عراق نے ریاست کردستان پر قبضہ کے لیے فوجی آپریشن شروع کردیا ہے اور عراقی و کرد افواج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ لڑائی کے باعث ہزاروں شہری کرکوک سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
عراقی فوج کردستان کے دارالحکومت کرکوک کی جانب پیش قدمی کررہی ہے اور شہر کے جنوب میں فوجی اڈے اور آئل فیلڈ سمیت متعدد اہم تنصیبات پر قبضہ کرلیا ہے۔ کرد میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ کردوں کی فورس پیشمرگہ پسپا ہورہی ہیں اور کرکوک میں سیکڑوں مسلح کردوں نے عراقی فوج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوزیشنیں سنبھال لی ہیں۔
یاد رہے کہ تیل سے مالا مال عراقی ریاست کردستان نے گزشتہ ماہ عراق سے آزادی کے لیے ریفرنڈم کرایا ہے جس میں کرد عوام کی بڑی تعداد نے علیحدگی کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔ اس ریفرنڈم کی پاکستان، ترکی، عراق اور ایران سمیت پوری عالمی برادری نے مخالفت کی ہے۔
واضح رہے کہ شام اور عراق میں داعش کے خلاف جنگ میں عراق اور کرد اتحادی ہیں تاہم عسکریت پسندوں کو شکست کے بعد اب ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوگئے ہیں۔