اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پارٹی چیرمین عمران خان پر ایک اور سنگین الزام لگادیا۔
عائشہ گلالئی نے عمران خان پر تیزاب حملے کا حکم دینے کا نیا الزام لگادیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں عائشہ گلالئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کارکنان کو مجھ پر تیزاب حملہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر خواتین پر جنسی حملوں کے خلاف ’’می ٹی‘‘ (میں بھی) کے نام سے مہم شروع ہوئی ہے۔ اس مہم پر جنسی حملوں کا شکار خواتین ٹوئٹ کرکے خود پر ہونے والے جنسی حملوں کی تفصیلات بیان کررہی ہیں۔ عائشہ گلالئی نے بھی ’’می ٹو‘‘ کے ہیش ٹیگ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اپنے کارکنان کو مجھ پر تیزاب پھینکنے کا حکم دیا تھا۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ میری پارٹی کے سربراہ عمران خان نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا اور یہ حقیقت سامنے لانے پر میرے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور اب وہ تحقیقات سے بھاگ رہے ہیں۔