کوئٹہ: ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جنا ب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے غیر معیاری ادویات سازی اور اس کے خرید وفروخت میں نامزد ادویہ ساز کمپنی سرو فارماسیوٹیکل پرائیویٹ کمپنی لمیٹڈ کے محمد انور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاہے کہ وہ مذکورہ کمپنی کی ادویات سازی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ،عدالت نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمہ میں نامزد آریا میڈیکل سٹور کے مالک ولی خان کو اشتہاری قراردیدیابلکہ 11میڈیکل سٹور مالکان کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پرناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے ہیں ۔
گزشتہ روز غیر معیاری ادویات سازی اور اس کے خریدوفروخت کے مقدمہ میں نامزد سروفارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیس کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر کمپنی کے محمد انور عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کاادویات سازی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔
عدالت نے آریانا میڈیکل سٹور کے مالک ولی خان کو بھی اشتہاری قراردینے کے احکامات دے دئیے ہیں اس کے علاوہ احرار میڈیکل سٹور کے مالک محمد طاہر ،صالح میڈیکل سٹور کے عبدالحنان ،محمدمیڈیکل سٹور کے برہان الدین ،الشفاء میڈیکل سٹور کے مالک محمد قسیم ،عتیق ٹریڈرز کے دو کیسز میں مالک سلیم الزمان ،درانی میڈیکل سٹور کے عبدالقاہر ،شاہ زمان میڈیکل سٹور کے شاہ زمان ،زین کلینک کے بلال مصطفی اور بولان میڈیکل سٹور کے سکندر حسین کے سماعت کے موقع پر عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے اورمتعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔
ڈرگ کورٹ نے میڈیکل اسٹور مالکان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے
وقتِ اشاعت : October 20 – 2017