|

وقتِ اشاعت :   October 27 – 2017

 اسلام آباد: وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضہ کرکے بین الاقوامی قوانین کے تمام معاہدوں کو پس پشت ڈال دیا۔

کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت گزشتہ 70 سال سے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے اور عوام کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرکے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا لیکن بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرکے تمام بین الاقوامی قوانین کے معاہدوں کو پس پشت ڈال دیا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آزادی کے حصول تک کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی غیرمتزلزل اخلاقی و سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔