|

وقتِ اشاعت :   October 27 – 2017

 کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان معافی مانگنے کیلیے پیدا ہوئے ہیں۔

  اربوں روپے کی کرپشن اوردہشت گردوں کی سہولت کاری کے مقدمات میں نامزد پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  میں نے دو سال تک تفتیش کے بغیر مقدمات کا سامنا کیا اور اندر رہا، نواز شریف کا تعلق کراچی سے نہیں جو مقدمہ کا سامنا کریں، ہم فولاد ہیں جو مقدمات کا سامنا کرسکتے ہیں یہ نواز شریف کے بس کی بات نہیں، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں نواز شریف واپس نہیں آئیں گے۔

ڈاکٹرعاصم کا کہنا تھا کہ ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے اور اسٹیبلشمنٹ معاشی معاملات کو دیکھے۔ صحافی نے سوال کیا کہ یہ پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے کہ ملک کے اموراسٹیبلشمنٹ اپنے ہاتھ میں لے لے جس پرڈاکٹرعاصم نے کہا کہ ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے اسلیے میں نے اپنی رائے دی ہے۔

عمران خان کے سوال پرڈاکٹرعاصم نے کہا کہ کپتان کا کام ہی معافی مانگنا ہے اوروہ معافی مانگنے کیلیے پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف شفاف اورغیرجانبدارہونا چاہیے جب کہ جن لوگوں کے اکاؤنٹس منجمد ہیں اوران پرکرپشن کے کیسز ہیں وہ ملک کیا چلائیں گے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اوردہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام ہیں تاہم اس وقت وہ ضمانت پرہیں۔