پشاور: افغانستان کے صوبہ کنڑ کے ڈپٹی گورنر نبی احمدی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔
افغانستان کے صوبے کنڑ کے ڈپٹی گورنر نبی احمدی پشاور میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے افغان قونصلرجنرل محمد معین نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نبی احمدی کے رشتہ دار آج پشاور میں افغان قونصل خانے آئے اور ان کی گمشدگی سے متعلق آگاہ کیا۔ نبی احمدی علاج کے لئے پشاور آئے تھے اور گزشتہ شام 5 بجے ڈبگری گارڈن میں ایک نجی کلینک میں چیک اپ کے لئے گئے تھے جہاں سے وہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔
محمد معین کا کہنا ہے کہ لاپتہ ڈپٹی گورنر کے پاس ان کا افغان پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی موجود تھا جب کہ افغان عہدیدار کی گمشدگی سے متعلق پاکستان کی وزارت خارجہ اور دیگر حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے۔