لاہور: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف برطانیہ کے دارالحکومت لندن روانہ ہوگئے جب کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف سعودی عرب چلے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف آج اتوار کی صبح لندن روانہ ہوئے جس کے بعد دوپہر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی پی آئی اے کی پرواز 785 سے برطانوی دارالحکومت چلے گئے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن جاتے ہوئے قطر میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب لندن میں نواز شریف سے ملاقات اور علیل بھابی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔
ادھر وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی خصوصی پرواز کے ذریعے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ نواز شریف سے ملاقات کریں گے جب کہ کل تک کابینہ کے دیگر وزرا کے بھی لندن پہنچنے کا امکان ہے۔ اہم امور پر مشاورت کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سعودی شہر جدہ سے لندن روانہ ہوجائیں گے۔ سابق وزیراعظم اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کے بعد پاکستان آئیں گے اور ممکنہ طور پر آئندہ سماعت پر احتساب عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے 23 اکتوبر کو لندن سے پاکستان آنا تھا تاہم ان کی واپسی کا شیڈول تین بار تبدیل ہوا اور وہ سعودی عرب چلے گئے جہاں انہوں نے عمرہ کرنے کے ساتھ ساتھ والدہ سے بھی ملاقات کی۔ نیب ریفرنس کی گزشتہ سماعت میں نواز شریف پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔