کوئٹہ: صوبے میں معیار تعلیم بلند کرنے کے لئے ہر سطح پر نقل کا خاتمہ صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
اس ضمن میں ایف اے/ ایف ایس سی کے ضمنی اور آئندہ میٹرک کے امتحان میں نقل کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت نے جامع منصوبہ بندی کرلی ہے اور صوبے بھر میں تمام امتحانی مراکز کی باقاعدگی سے نہ صرف مؤثر مانیٹرنگ کی جائے گی بلکہ ایس ایم کی چھاپہ مار ٹیمیں ہر روز امتحانی مراکز کی جانچ پڑتال کریں گی۔
اس ضمن میں سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے تعلیمی بورڈ آفس ودیگر متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کی ہیں او رکہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم صوبے میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لئے عملی اقدامات میں اپنا کردار ادا کریں اور نقل کے خاتمے کے لئے حکومت کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی، سستی یا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور نگران عملہ ودیگر متعلقہ اہلکاران وافسران بھی اگر اس منفی سرگرمیوں میں ملوث یا چشم پوشی کا مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔