تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم (آئی سی آئی جے) کی جانب سے جاری کیے گئے ’پیراڈائز پیپرز‘ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی کے روس سے تعلق کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ٹرمپ حکومت کے وزیر تجارت ولبر روس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کے ایک شپنگ کمپنی میں شیئرز ہیں۔
اس شپنگ کمپنی نے 2014 سے اب تک ایک روسی کمپنی سے چھ کروڑ اسی لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کی۔
دستاویزات کے مطابق روسی انرجی کمپنی کے شریک مالک روسی صدر ولاڈی میر پوٹن کے داماد ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کی گئی لیکس میں1 کروڑ 34 لاکھ سے زائد دستاویزات سامنے آئی ہیں۔
پیراڈائز لیکس میں 25 ہزار سے زائد آ کمپنیوں کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ لیکس کا بڑا حصہ کمپنی ایپل بائی کی دستاویزات پر مشتمل ہے۔
یہ دستاویزات سنگاپور اور برمودا کی دو کمپنیوں سے حاصل ہوئیں۔ پیرا ڈائز پیپرز جرمن اخبار نے حاصل کیے اور آئی سی آئی جے کے ساتھ شیئر کیے۔
دستاویزات میں 180 ممالک کی 25 ہزار سے زائد کمپنیاں، ٹرسٹ اور فنڈز کا ڈیٹا شامل ہے جبکہ ان پیپرز میں 1950 سے 2016 کا ڈیٹا موجود ہے۔
اس تحقیقاتی کاوش میں 67 ممالک کے 381 صحافیوں نے حصہ لیا جن میں آئی سی آئی جے کے رکن اور دی نیوز کے سینیر رپورٹر عمر چیمہ بھی شامل ہیں۔
پاکستان میں صرف جنگ گروپ انٹرنینشل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلزم سے وابستہ ہے۔
یہاں یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ ہر آف شور کمپنی غیرقانونی طور پر قائم کی گئی ہو۔