اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر پرانی مردم شماری پر 2018 کے عام انتخابات ہوئے تو آئینی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مردم شماری ہوچکی ہے اور خیبرپختون خوا و بلوچستان کی نشستیں بھی بڑھ چکی ہیں جب کہ پنجاب کی کم ہوگئی ہیں، اس لیے آئندہ انتخابات نئے مردم شماری پر ہی کرانے ہوں گے اور اگر پرانی مردم شماری پر انتخابات ہوئے تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پرانی مردم شماری پر الیکشن سے سیاسی تنازعات سراٹھائیں گے، اس لیے سب جماعتوں کو چاہئے کہ مل کر بیٹھیں اور اتفاق رائے سے حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی بل کو منظور کرائیں تاکہ 2018 کے عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوسکیں، جمہوری تسلسل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔