کراچی: کراچی پریس کلب میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں ملکر پاکستان کے مسائل حل کرنے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے دوستوں کو مشترکہ اور مثبت کوشش کے لیے یہاں اکھٹے ہونے پر خوش آمدید کہتا ہوں، آج ایک اہم واقعہ رونما ہورہا ہے اور ہماری پریس کانفرنس کا مقصد سندھ اور کراچی میں ووٹ بینک کی تقسیم کو روکنا ہے، صوبہ سندھ بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے اور کراچی کی سیاسی جماعتوں نے اس ذمہ داری کو محسوس کیا کہ ہمیں صرف اس شہر اور صوبے کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے مسائل حل کرنے ہیں۔
پریس کانفرنس کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، رؤف صدیقی اور کامران ٹیسوری بھی موجود ہیں جب کہ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کے ہمراہ رضا ہارون، انیس قائم خانی، ارشد وہرا، آصف حسنین بھی موجود ہیں۔ پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی جو اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتی رہی، کارکنان کی بڑی تعداد میں موجودگی میں بدمزگی بھی دیکھنے میں آئی۔