کوئٹہ : ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے غیر معیاری ،زائد المعیاد اور بلا لائسنس ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 14میڈیکل سٹور مالکان کے عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے بلکہ 5میڈیکل سٹور مالکان کو اشتہاری قراردینے کے بھی احکامات جاری کردئیے گئے۔
2میڈیکل سٹور مالکان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیاگیا۔ گزشتہ روز غیر معیاری ،زائد المعیاد اور بلا لائسنس ادویات کی خرید وفروخت سے متعلق کیسز کی سماعت شروع ہوئی تو علی کلینک اینڈمیڈیکل سٹور کے مالک عبدالولی ،حامد میڈیکل سٹور کے عبداللہ ،سٹی مارکیٹنگ کے محمد توفیق ،جاوید ،عزیز میڈیکل سٹور کے ضمیر احمد،اسماعیل میڈیکل سٹور کے محمد اسماعیل ،کوئٹہ میڈیکل سٹور کے عبدالنافع ،احرارمیڈیکل سٹور کے محمد طاہر ،صالح میڈیکل سٹور کے عبدالحنان ،عتیق ٹریڈرز کے مالک سلیم الزمان ،درانی میڈیکل سٹور کے عبدالقاہر ،شاہ زمان میڈیکل سٹور کے شاہ زمان ،زین کلینک کے بلال مصطفی ،بولان میڈیکل سٹور کے سکندر حسین عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے ملزمان کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے برہمی کااظہار کیا ۔
متعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ،ڈرگ کورٹ بلوچستان نے فیصل میڈیکل سٹور کے مالک سردار ،محمود میڈیکل سٹور کے انور ،علی عمران میڈیکل سٹور کے علی عمران ،خوشحال میڈیکل سٹور کے عبدالقاہر اور جینٹل میڈیکل سٹور کے محمد عامر کو مسلسل عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر اشتہاری قراردینے کے احکامات جاری کئے ۔
عدالت نے گزشتہ روز پاک میڈیکل سٹور اور مسلم یار میڈیکل سٹور کے مالکان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کے بھی احکامات دے دئیے ۔آج جمعہ کو بھی غیر معیاری ،زائد المعیاد ،بلا لائسنس کی ادویات سازی اور اس کی خرید وفروخت کے حوالے سے درج مقدمات کی سماعت ہوگی ۔