|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2017

اسلام آباد : جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کو بین الاقوامی دباؤ کا سامنا، امریکا نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ توہین رسالت کے قوانین میں ترمیم کرے۔ 

جنیوا میں منعقدہ اجلاس میں عالمی ادارے یونیورسل پریوڈک رویوی (یو آر پی) کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد امریکا کی نمائندگی کرنے والے جیز بریسٹن اسٹریسٹ نے کہاکہ توہین رسالت کے قانون اور سزائیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، اس قانون کو جتنی جلدی ہوسکے منسوخ کر کے نیا قانون نافذ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے سفارش کی کہ پاکستانی حکومت ختم نبوت کے معاملے میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف تفتیش کرے اور سیکورٹی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

جیز برسٹین نے کہاکہ ہمیں بین الاقوامی این جی اوز کے حوالے سے بنائی جانے والی پالیسی پر تشویش ہے جس کے ذریعے غیر تشدد پسند فلاحی اداروں کے کاموں پر پابندی عائد کی گئی۔

برطانیہ کی نمائندگی کرنے والی میرام شارمن نے کہا کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کی آزادی کا فقدان ہے اور خواہش کرتے ہیں کہ پاکستان میں موجود دیگر مذاہب کے لوگ بھی امتیازی سلوک کے بغیر انتخابات میں آزادانہ حصہ لے سکیں اور اقلیتوں کے لیے ایک قومی کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں دیگر چھوٹے مذاہب کے لوگوں کی بھی نمائندگی موجود ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ سزائے موت کے قانون پر نظر ثانی کرے اور اسے صرف حساس نوعیت کے جرائم کو مخصوص کرنے کے لیے استعمال کرے۔

بھارت کی نمائندگی کرنے والے سمت سیٹھ نے کہا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ ختم کروانے کے لیے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے تاہم اسے دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے اور ان کی معاشی مدد کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔بھارتی نمائندے نے پاکستان میں ہونے والی اقلیتوں کی زبردستی شادیوں کو ختم کروانے پر بھی زور دیا۔

پاکستان نے الزام عائد کیا کہ بھارت یو آر پی کے پلیٹ فارم کو گمراہ کن باتوں کے ذریعے سبوتاڑ کرنا چاہتا ہے۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف کی نمائندگی میں پاکستانی وفد جبکہ اسپین، سینیگال، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، عراق، ایران کے علاوہ دیگر ممالک کے وفود نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

اگرچہ پاکستان یو آر پی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کا پابند نہیں ہے تاہم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کرنے کا مقصد دیگر ممالک کے ساتھ باہمی اتفاق کو فروغ دینا ہے۔ 

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے انسانی حقوق کونسل جنیوا میں ہونے والے عالمی ادارے یونیورسل پریوڈک رویوی (یو آر پی) کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مختلف اقدامات کیے ہیں۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے ٹھوس قانون سازی کی ہے اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اپناکردار ادا کررہے ہیں۔

اجلاس میں 117ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان کی طرف انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور مزید تجاویز پیش کیں

،واضع رہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے جنیوا میں پرزنٹیشن دی، وفد میں وزیر خارجہ کے ہمراہ سینیٹر عائشہ رضا فاروق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفراللہ خان، صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو اور دیگر حکام نے شریک تھے۔