|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2017

کوئٹہ: سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلباء وطالبات باصلاحیت اور ذہین ہیں۔ ان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں تاہم صوبے کے ہونہار طالب علموں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔ 

طلباء کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا تاکہ وہ عصر حاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز بلوچستان بوائز اسکاؤٹس میں بلوچستان ثانوی بورڈ کے زیراہتمام آل بلوچستان اسکولز بائی لینگول ڈی کلیم ایشن تقریری ودیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں بلوچستان ثانوی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سراج کاکڑ، ڈائریکٹر اسکولز محمد رفیق ترین، ڈویژنل ڈائریکٹر سید انور شاہ، سیکریٹری بلوچستان بورڈ شوکت سرپرہ، کنٹرولر بلوچستان بورڈ سید عباداللہ غرشین، ڈائریکٹر ریسرچ بلوچستان پورٹ نصراللہ، طلباء کی کثیر تعداد اور والدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں میڈیا نے شرکت کی۔ 

تقریب سے بلوچستان بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سراج کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے تمام ڈویژنل سطح کے اسکولوں میں دومختلف زبانوں اردو اور انگریزی جس میں اردو کا مضمون تھا ۔(گنوادی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی۔ زمین پر آسمان نے ہم کو دے مارا)۔ جبکہ انگریزی میں مضمون Cheatng is a curse i say no to it۔

انہوں نے بتایا کہ اس میں مجموعی طور پر 36بچوں نے حصہ لیا اور اس تقریب میں فائنل جیتنے والے بچوں میں پہلی پوزیشن کو پندرہ ہزار روپے، دوسرے نمبر کو بارہ ہزار اور تیسرے کو نو ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ 

اس طرح کی تقریب کا بنیادی مقصد بچوں میں چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور بچوں کو نقل کے ناسور سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بہتر رہنمائی کرنا مقصود ہے جبکہ بلوچستان بورڈ کا وژن ان کی بہتری ہے بلوچستان میں نقل سے پاک امتحانات کا انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ 

رٹہ سسٹم کا خاتمہ، امتحانات کے انعقاد کے لئے بہترین مانیٹرنگ سسٹم کو رائج کرنا، رزلٹ کے بنانے میں بھی سائنسی تکنیکی مہارت کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ثانوی بورڈ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصبابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر طلباء اور طالبات کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ 

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ برس بلوچستان بورڈ کی ٹیم نے آل پاکستان آئی بی بی فٹبال چمپئن شپ جیت لی اور اس سال اس کا بھرپور دفاع کرے گی۔ 

تقریب سے سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے بلوچستان ثانوی بورڈ کی ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے پروقار تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان بورڈ کا کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ 

تقریب سے ڈائریکٹر اسکولز محمد رفیق ترین، بلوچستان بورڈ کے سیکریٹری شوکت سرپرہ، کنٹرولر امتحانات بلوچستان بورڈ سید عباداللہ شاہ غرشین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جبکہ طلباء وطالبات نے تقریر اور ٹیبلو بھی پیش کی گئی۔ تقریب کے آخر میں تقریری مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلباء وطالبات میں نقد انعامات اور تحائف تقسیم کئے۔