|

وقتِ اشاعت :   November 22 – 2017

کوئٹہ: سیکریٹری ثانوی تعلیم عبدلفتح بھنگر نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور شعوری بیداری کے لئے تعلیم کا حصول نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

جدید چیلنجز سے بہتر اندازمیں نبردآزما ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں نقل کے ناسور سے طالبعلموں کو نجات دلاکر عملی زندگی کے لئے ان کی حقیقی تربیت کی جائے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیسف کے زیراہتمام شعبہ تعلیم سے متعلق سالانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر اسکولز محمد رفیق ترین، قائم مقام ڈائریکٹر بیورو آف کریکولم نذرمحمد کاکڑ، یونیسف کے نمائندے ڈیوڈ ایگولو (David Igulu)، پلوشہ جلالزئی ودیگر حکام بھی موجود تھے۔ 

اس موقع پر سیکریٹری تعلیم نے شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے مالی اورتکنیکی تعاون فراہم کرنے پر یونیسف اور دیگر ڈونرز ایجنسیز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے تاہم اس شعبہ میں مزید بہتری لانے کے لئے ہم نے ایک ٹیم کے طورپر کام کرنا ہوگا۔ تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کی بہتری کے لئے حکومت کے ساتھ ایجوکیشن سپورٹ پروگرام اور یونیسف سمیت دیگر ڈونر ایجنسیز کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

اس پروگرام کے تحت تمام اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت اسکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم اور ڈرپ آؤٹ روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 

اس موقع پر یونیسف کے نمائندہ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ملکرتعلیم کی بہتری کیلئے مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ڈی ڈی اوز/ ڈی ای اوز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شرکاء کو شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات اور منصوبہ بندی کے حوالے سے جامع پریذینٹیشن بھی دی گئی۔