|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2017

کوئٹہ: پورے ملک کی طرح کوئٹہ میں بھی اتوار کوسندھی ثقافتی دن منایا گیا،کوئٹہ پریس کلب میں ہونے والی تقریب کی مہمان خصوصی نیشنل پارٹی کی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی تھیں تقریب سے خطاب کرتے ہوے یاسمین لہڑی نے کہا کہ پاکستان ایک وفاقی ریاست ہے اور اسکے صوبے اسکی لسانی .ثقافتی اور سیاسی اکائیاں ہیں جو کہ اس ملک کو ایک خوب صورت گلدستہ بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت صرف سندھی بولنے والوں کی پہچان نہیں بلکہ مہر گڑھ،مو ہنجوداڑوسے لیکر ہڑپہ تک پھیلی ہوئی ایک تہذیب کا نام ہے جو کہ ہم سب کی مشترکہ میراث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کو جتنی سیاسی ،ثقافتی اور بولنے کی آزادی دینگے اتنا ہی پاکستانی معاشرہ اعتدال پسند اور جمہورری بنے گا انہوں نے کہا کہ امن بلوچستان سمیت پورے ملک کی ضرورت ہے جو کے اس طرح کے ماحول کو فروغ دے کر لایا جا سکتا ہے۔

تقریب سے پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے رہنما رہنما میر ولی محمد قلندرانی،سندھی ادبی سنگت کے مرزا عباس ،جاموٹ قومی مومنٹ کے رہنماؤں محمد اسلم بہرگڑی ،کامریڈ نوراحمد سندھی، ڈکٹر راشد قریشی ،محمد عثمان جمالی، حاکم علی بوھڑ اور نامور براہوء شاعر ظہور صدیقی نے خطاب کیا۔

تقریب کی شروعات میں تمام مہمانوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے گئیپروگرام کے اختتام میں مشور براہوی لوک فنکار مراد پارکوئی کے بیٹے لیاقت مراد نے سندھی براہوی اور بلوچی میں لوک گیت پیش کرکے لوگوں کو محظوظ کیا ۔

پروگرام کا اختتام سندھی لوک گیت ہو جمالو سے کیا گیا جس پر حاضرین نے خوب رقص کیا،جاموٹ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام سندھی ثقافت ڈے کی مناسبت سے ریلی زیر قیادت سردار عبدالفتح دایہ کی قیادت میں ڈھاڈر سے نکالی گئی جس میں سندھی جاموٹ برادری کے کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء نے روایتی ٹوپی اجرک پہن کر شاہی چوک رندعلی سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے ڈاکٹر عبدالفتح ابڑو،ساجد علی چنہ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھی ٹوپی اجرت ڈے منانے کا مقصد اپنی ہزاروں سالوں پر محیط سندھی کلچر اور ثقافت کو زندہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جاموٹ اقوام کی کثیر تعداد بلوچستان میں آباد ہے ہماری آباؤ اجداد نے اس صوبے کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں صوبے میں ہماری ایک الگ پہچان اور تشخص ہے جاموٹ اقوام دنیا بھر میں کہیں بھی رہے وہ اپنی ثقافت کو شایان شان طریقے سے منائیں گے اور یہی ایک زندہ قوم کی پہچان ہے کہ وہ اپنی ثقافت کو جوش جزبے سے ساتھ مناکر دنیا کو امن محبت کا پیغام دیتے ہیں ۔

ریلی کے اختتام پر جاموٹ نوجوانوں نے دھول کی تھاپ پر رقص اور چاپ کا خوبصورت مظاہرہ کیا ریلی اس موقع پر رند قومی اتحاد ڈھاڈر کے صدر میر حاجی خان جتوئی نے بھی رقص میں شامل ہوکر سندھی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا ۔