کوئٹہ : یونیورسٹی آف تربت کی سینڈیکیٹ کا چھٹااجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی صدارت میں یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقدہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرنے کہا کہ تربت یونیورسٹی اپنے قیام کے ساتھ ہی اس ریجن میں تحقیقی سرگرمیوں اور معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے اور محدود وسائل اور چیلنجز کے باوجود یونیورسٹی کو ملک کی بہترین اعلیٰ تعلیمی اداروں کی صف میں کھڑاکرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔
چار سال کے مختصر عرصے میں گیارہ تدریسی شعبہ جات کھولنے کے علاوہ یونیورسٹی کے مستقل عمارت کی تعمیر اور وہاں پر تدریسی سرگرمیوں کا آغازایک مثالی کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور غیرنصابی میدان میں تعین کردہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ اور اساتذہ دن رات محنت کررہے ہیں۔
یونیورسٹی کی ترقی میں سینڈیکیٹ ارکان کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر نے امیدظاہرکی کہ ارکان کی تجربات، مہارت،ذہانت اور رہنمائی کی روشنی میں تربت یونیورسٹی تیز رفتار تعلیمی ترقی،مالیاتی نظم وضبط اور گڈگورننس کے شعبے میں ترقی کے مزید منازل عبورکرے گی۔
انہوں نے اجلاس کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی میں عہد حاضرکے تقاضوں کے مطابق نئے تعلیمی و تحقیقی رجحانات کو فروغ دینے اور اعلیٰ اخلاقی اقداروں اور رویوں کو پروان چڑھانے کے لئے میرٹ اور نظم وضبط پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں الحاق شدہ کالجز میں پڑھائے جانے والے مضامین کے بورڈ آف سٹیٹیڈیز کے کنوئیرکے ناموں کے علاوہ کالجز میں پڑھائے جانے والے بی ایس پرگرام کے نصاب اورکورسز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس نے یونیورسٹی کا بجٹ برائے سال 2017-18اور سال 2016-17کے اخراجات کی بھی منظوری دی۔
ا جلاس میں یونیورسٹی کے سروسز رولز کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں ضروری فیصلے کئے گئے۔اجلاس نے پانچویں سینڈیکیٹ، ساتویں اکیڈمک کونسل اور ساتویں فنانس اینڈپلاننگ کمیٹی کے مینٹس کے علاوہ دیگر اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں اور مختلف فیصلوں پر عمل درآمد اور پیشرفت کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں لاء ڈیپارٹمنٹ کو اپ گریڈ کرکے سکول آف لیگل ایجوکیشن کا درجہ دینے اور ڈیپارٹمنٹ آف نیچرل اینڈ بیسک سائنس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی اس کے علاوہ یونیورسٹی کے گوادر کیمپس کے علاوہ مین کیمپس کے مختلف شعبہ جات میں اساتذہ کے نئے آسامیوں کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں رجسٹرارتربت یونیورسٹی ڈاکٹر حنیف الرحمان، ڈین فیکلٹی آف کامرس، لاء اینڈ منیجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر منیر احمدگچکی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبوربلوچ،ڈائریکٹر کیوای سی پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچرواٹراینڈ میرین سائنسزکے پروفیسرڈاکٹرمنظوراحمد،سینئرایڈوکیٹ مہراب بلوچ، کنٹرولرامتحانات تنویر احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس رحمت اللہنے شرکت کی۔
اس سے پہلے رجسٹرارنے اجلاس کے ایجنڈا آئٹمزبحث ومباحثہ اور منظوری کے لئے فورم کے سامنے پیش کئے جس پر تمام ارکان نے سیرحاصل بحث کی اور اپنی ماہرانہ تجاویز پیش کیں۔۔آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس میں شرکت کرنے اور یونیورسٹی کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر تمام ارکان کا تہ دل سے شکریہ اداکیا۔
تربت یو نیوسٹی فروغ تعلیم کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے ،ڈاکٹر رازق صابر
وقتِ اشاعت : December 8 – 2017