سبی: پرامن بلوچستان پیکج کے تحت قومی دھارئے میں شامل ہونے والے افراد کی بحالی کے سلسلے میں سبی اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقاد۔
قومی دھارئے میں شامل ہونے والے 45افراد میں ڈیرھ کروڑروپے کی امدادی رقم تقسیم،پرامن زندگی کا انتخاب کرکے قومی دھارئے میں شامل ہونے والے بلوچ بھائیوں تک تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کی بہم فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا،پاکستان کا روشن مستقبل پرامن بلوچستان سے وابسطہ ہے،دہشت گردوں کی آخری کمین گاہ کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،بھٹکے ہوئے افراد جو قومی دھارئے میں شامل ہوتے ہیں تو خوش آمدید وگرنہ انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔
کرنل باجوہ، نواب باروزئی ،سردارزادہ ڈومکی و دیگر مقررین کا تقریب سے خطاب،تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے پرامن بلوچستان پیکج کے تحت قومی دھارئے میں شامل ہونے والے ہتھیار ڈالنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کی بحالی کے سلسلے میں سبی اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں ایف سی کے زیراہتمام تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی ،ڈی آئی جی پولیس سبی رینج ملک سلیم لہڑی،سابق صوبائی وزیر میر غفور لہڑی،ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال،میونسپل چیئرمین سردارزادہ میر حیر بیار خان ڈومکی،ڈپٹی کمشنر نصیر آباد نصیر احمد ناصر،سینئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس سبی نجیب اللہ پندرانی،کرنل وقاص ،سابق چیئرمین میونسپل حاجی داؤد رند،ڈاکٹر جمال مری میر حبیب رند،میر اسماعیل چھلگری،ارباب قادر بخش ایری ، سمیت قبائلی عمائدین و معتبرین اور آفیسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
قبل ازیں حکومت پاکستان کی جانب سے ایف سی کے زیر اہتمام پرامن بلوچستان پیکج کے تحت قومی دھارئے میں شامل ہونے والے45افراد میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی امدادی رقم تقسیم کی گئی ۔
اس موقع پر سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی ،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل ذوالفقار علی باجوہ،ڈی آئی جی پولیس سبی رینج ملک سلیم لہڑی،ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال اور میونسپل چیئرمین سردارزادہ میر حیر بیار خان ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق کی جنگ اگر شعور کے ساتھ لڑی جائے تو کامیابی حاصل ہوتی ہے اور اگر بے شعوری میں لڑی جائے تو اس کے نتائج انتہائی بھیانک برآمد ہوتے ہیں۔
حقوق کے حصول کے لیے تعلیم و شعور کا ہونا ناگزیر ہے جس کی کمی کی وجہ سے ہمارئے بلوچ بھائی راستے سے بھٹک گئے تھے جنہیں غیروں کے اشاروں پر اپنی ہی سرزمین اور اپنے ہی عوام کے خلاف اکسایا گیا اور آج بے حد خوشی ہورہی ہے کہ ہمارئے بھٹکے ہوئے بلوچ بھائی قومی دھارئے میں شامل ہوکر ملک و ملت کی خدمت کا عہد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے ناپاک عزائم حاصل کرنے کے لیے پاک سرزمین کو غیر مستحکم بنانے کی سازشوں میں مصروف ہے جسے پاک افواج،ایف سی عوام کی قوت سے ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ پاک افواج اور ایف سی سمیت دیگر سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا قلع قمع کردیا ہے اور چند بچے کچھے دہشت گرد جو بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بے گناہ عوام مزدور طبقے کو نشانہ بنا کر دہشت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ چوہے کی بِلوں میں چھپ جانے والوں کو ان کے بِلوں سے نکال کر کیفرکردار تک پہنچائیں گے
سبی ، قومی دھارے میں شامل ہونے والے 45افراد میں ڈیڑھ کروڑ روپے تقسیم
وقتِ اشاعت : December 10 – 2017