سبی: قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی مسافر ویگن الٹ گئی،خاتون سمیت دوافراد جاں بحق،14 سے زائد مسافر شدید زخمی،زخمیوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیاہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹرانسپورٹر یونین کے صدر ملک ساجد بنگلزئی ہسپتال پہنچ گئے ،تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے جیکب آباد جانے والی بدقسمت مسافر وین نمبرBMB-884 تیز رفتاری کے باعث قومی شاہراہ پر ڈنگڑا کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں خاتون مسماۃ جیونی اور گاڑی کا منشی خیر محمد جاں بحق جبکہ 14سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی پہنچایا گیا ہے زخمیوں میں تین مسافروں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں سی ایم ایچ سبی اور کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے،زخمیوں میں عبدالرشید،سیفالرحمن،فضل احمد،موریا خاسن،علی حسن،اللہ ورائیا،باقر علی،مہتاب،بی بی جانان،بخت محمد،رابیہ،فتح محمد ،محمد یعقوب،محمد الیاس سمیت ایک نامعلوم شامل ہے ۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو قیمتی جانوں کے نقصان سمیت 14 مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں دریں اثناء قومی شاہراہ پر ایک اور روڈ حادثہ میں قومی شاہراہ پر مٹھڑی کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے مخالف سمت سے آنے والے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوارشدید زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی منتقل کردیا گیا ہے۔