|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2017

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں پارٹی آفس کیچ پر حملے کو بزدلانہ فعل قراردیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی کچھ عناصر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے بلوچ سماج کو خانہ جنگی اور سیاسی انتشار کی کیفیت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔

ایسے عناصر نام نہاد ،انقلاب کے نام پر سیاسی وجمہوری عمل کو بزور طاقت زیر کرنا چاہتے ہیں جس کی نیشنل پارٹی کسی طورپر اجازت نہیں دے گی ۔تمام اضلاع کی تنظیمیں پارٹی آفس پر حملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اور اس کی شدید مذمت کرینگے۔

بیان میں کہاگیا کہ اس سے پہلے بھی نیشنل پارٹی کے آفس پر بزدلانہ حملے ہوئے ہیں اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو قتل وغارت کے ذریعے شہید کیا گیا ہے لیکن نیشنل پارٹی اپنے عوامی نظریہ جدوجہد کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ۔

بیان میں کہاگیا کہ مذکورہ عناصر اورانقلاب کے ٹھیکیدار در حقیقت برادر کشی اور خانہ جنگی کے مرتکب ہوکر سنگین گناہ عظیم کررہے ہیں تاریخ خود ان کو قومی مجرم کے طورپر یاد کرے گی نیشنل پارٹی واضح پالیسی رکھتی ہے کہ بندوق کے زور پر کوئی عناصر اپنا ایجنڈا ہم پر مسلط نہیں کرسکتا ۔

اختلاف رائے کو سیاسی اور جمہوری انداز میں عملی طورپر سیاسی او رعوامی میدان میں کرنے کو سیاسی عمل کا حصہ سمجھتی ہیں اور نیشنل پارٹی اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ عملی طورپر سیاسی اور جمہوری انداز میں سیاسی عمل کے ذریعے کررہی ہے ۔

بیان میں کہاگیا کہ نیشنل پارٹی ملک میں قومی برابری ،انصاف ،قومی ملکیت اور اختیار ،جمہوریت کے مضبوطی اور آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی کی جدوجہد میں عملی طورپر مصروف عمل ہے اور ایسے میں کچھ عناصر اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پارٹی کو سیاسی ،جمہوری جدوجہد سے روکنا چاہتی ہے جوکہ انکے خیام خیالی ہے ۔

دریں اثناء نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں نیشنل پارٹی کیچ آفس پر حملے کیخلاف تمام اضلاع کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس بزدلانہ عمل کیخلاف اپنے ضلع کے پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں ۔