|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف شمالی اضلاع میں شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے ۔

جمعرات کے روز بھی کوئٹہ ،قلات ،زیارت ،پنجگور ،قلعہ سیف اللہ ،پشین ،چمن ،کوہلو اوردیگر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے رہا دوسری جانب گیس پریشر کی کمی کے باعث کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں کی رہائشیوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ،مستونگ ،قلات ،زیارت ،پنجگور ،پشین ،قلعہ عبداللہ ،کوہلو اوردیگر میں سخت سردی کی لہر جمعرات کے روز بھی برقراررہا۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 جبکہ زیادہ سے زیادہ 8درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات اور زیارت میں کم از کم درجہ حراست منفی 8،پنجگور میں منفی 5، کوہلو اور مسلم باغ میں منفی 4، ژوب میں منفی 3،دالبندین میں منفی 2سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ خضدار میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ،گوادر میں 7،سبی میں 4، بارکھان اور نوکنڈی میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

سخت سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور رہے بلکہ آرتھوپیڈک ،چیسٹ اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو بھی مشکلات کاسامنارہا ۔رہی سہی کسر گیس پریشر کی کمی نے پوری کردی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سردی کی موجودہ لہر کے ساتھ ہی گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ سنگین ہوگیاہے ۔

لوگوں کو کھانا پکانے ،ناشتہ کی تیاری اور سردی سے بچنے کیلئے مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہاہے ،سردی کی لہر کے باعث لوگ مرغن غذاؤں ،مچھلی ،مرغی اور انڈوں کے استعمال کو زیادہ کرنے لگے ہیں ،بلکہ گرم مشروبات کے استعمال میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔

کئی علاقوں میں سردی کے باعث پانی کی پائپ لائنوں میں برف جم جانے کے باعث پائپ لائنیں پھٹ پڑی ہے تو کہیں دو پہر تک عوام کو پائپ لائنوں میں پانی جم جانے کے باعث پانی دستیاب نہیں تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی موسم ابرآلود رہے گابلکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔