|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2017

دنیا کی سب سے مہنگی پینٹنگ خریدنے کے بعد اب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دنیا کے سب سے مہنگے گھر کے بھی خریدار نکلے جو انہوں نے 30 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم سے فرانس میں خرید رکھا ہے۔

چیٹیو لوئس فرانس کے ایک سابق لارڈ کی رہائش گاہ ہے جو وسیع رقبے کی حامل ہے اور اس میں 57 ایکڑ رقبے پر محیط ایک پارک بھی شامل ہے اسے سا ل 2015ء میں کسی نامعلوم شخصیت نے 30 کروڑ ڈالر (33 ارب 10 کروڑ روپے) میں خریدا تھا ، معروف امریکی جریدے فوربس نے اسے دنیا کی مہنگی ترین رہائش گاہ قرار دیا تھا، اس گھر میں  وسیع رقبے کا فش ایکوائریم،  سنیما گھر اور زیر زمین  نائب کلب بھی موجود ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق اس رہائش گاہ کو فرانس اور لکسمبرگ سے تعلق رکھنے والی آٹھ کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے ذریعے خریدا گیا تاہم خریدار کا نام پوشیدہ رکھا گیا تھا۔

اب نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں سعودی شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کےحوالے سے دعوی کیا ہے کہ اس رہائش گاہ کو خریدنے والی تمام سرمایہ کار کمپنیاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ایک مدر فرم کی ملکیت ہیں، سعودی شاہی خاندان کے مشیر نے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر میں جاری ہونے والے پیراڈائز پیپر لیکس میں انکشاف ہوا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے روسی ٹائیکون کی ملکیت 440 فٹ طویل لگژری بحری جہاز 45 کروڑ پاؤنڈ میں خریدا جب کہ نومبر میں یہ راز افشاں ہوا کہ لیونارڈو ڈاؤنچی کی ایک معروف پینٹنگ 450 ملین ڈالر میں خریدنے والا کوئی اور نہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے، سعودی شاہ اور ولی عہد کے ایما پر 200 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ان میں سعودی شہزادے، سابق وزرا، بزنس ٹائیکون کے سربراہان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں جو فی الوقت نظر بند ہیں،آخری اطلاعات کے مطابق ان سے پلی بارگین کے ذریعے سعودی حکومت اربوں روپے وصول کرکے انہیں رہا کردے گی تاہم اس مہم کے دوران محمد بن سلمان کے مہنگے ترین اثاثے ظاہر ہونا خود اس مہم پر ایک سوالیہ نشان ہے۔