کوئٹہ: ریجنل پولیس آفیسر وڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی زیر صدارت کرسچئن کمیونٹی اور ان کی عبادت گاہوں کو سیکورٹی کی فراہمی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلا س میں کرسچئن کمیونٹی کے 39 گرجا گھروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ یکم جنوری 2018تک سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ پولیس کرسچئن کمیونٹی کے رضاکاروں کو سیکورٹی کے حوالے سے تربیت فراہم کرے گی گرجاگھروں میں داخلے کے وقت تمام آنے والے افراد کی مکمل تلاشی لی جائے گی اور مکمل شناخت کے بغیر کسی کو بھی گرجاگھروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیا کہ گرجاگھروں کی چاردیواری کو مزید اونچا کیا جائے اور ان پر خاردار تار لگائے جائیں اور وہاں مزید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ پہلے سے موجود کیمروں کو بھی فعال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گرجاگھروں میں کنٹرول رومز کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جاسکے۔
اجلاس میںیہ فیصلہ بھی کیاگیاکہ کوئٹہ اور گردونواح کے علاقوں میں جہاں کرسچئن کمیونٹی کی رہائشگاہیں ہیں وہاں سیکورٹی انتظامات کو مزیدمستحکم کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام خصوصاً اقلیتی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کےئے تمام تر ضروری اقدامات کررہی ہے۔ اور اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔
کوئٹہ ،کرسچن کمیونٹی اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس
وقتِ اشاعت : December 20 – 2017