نیو یارک: مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکا کے متنازع فیصلے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
امریکا کے بیت المقدس سے متعلق فیصلے کے بعد دنیا بھرمیں احتجاج تاحال جاری ہے، مسلم ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق متنازع فیصلہ واپس لے۔ اسی مطالبے سے متعلق اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کیا گیا ہے جس میں اوآئی سی کا سفارت گروپ قرارداد پیش کرے گا۔ قرارداد میں امریکا سے بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے او آئی سی سفارتی گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کی آزادی اوربیت المقدس کی حفاظت کی مکمل حمایت کرتا ہے، امریکا کی جانب سے سلامتی کونسل میں قرارداد ویٹوکرنے سے مایوسی ہوئی۔
گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ٹرمپ کے بیت المقدس سے متعلق فیصلے کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تاہم امریکا نے اسے ویٹو کردیا تھا۔ واضح رہے کہ 4 جولائی1967ء کو فلسطین پر جنرل اسمبلی میں پہلی قرارداد پاکستان کی تھی۔