گجرانوالہ: سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں شہباز شریف کی پوزیشن الگ ہوتی ہے اور لاہور میں الگ درحقیقت وہ وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔
وزیرآباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 برسوں میں 40 ارب جب کہ موجودہ حکومت نے 4 سالوں میں 35 ارب ڈالر قرضہ لے لیا۔ حدیبیہ کیس کرپشن کی ماں ہے، حدیبیہ کیس سننے والے قابل احترام ججز اپنے فیصلے کی کاپی دیں، ہم حدیبیہ اور ایل این جی کیسز میں نظرثانی اپیل دائرکریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نواز شریف کا وزیر بھی رہا ہوں مگر ہمیشہ ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، آج کل نواز شریف کے ارد گرد مالشیوں نے ڈیرے لگا رکھے ہیں، نواز شریف عدلیہ مخالف تحریک کا اعلان کریں ہم ان کے سامنے کھڑے ہوں گے، ایک بھائی عدلیہ کے قصیدے پڑھ رہا ہے جب کہ دوسرا اس کے خلاف باتیں کرتا ہے، ایک بھائی نااہلی کی مہم چلا رہا ہے اور دوسرا وزیراعظم کا امیدوار ہے ایسا نہیں چلے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مارچ سے پہلے کک مارچ ہوگا، شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، اسلام آباد میں ان کی پوزیشن اور جب کہ لاہور میں اور ہوتی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان نے سیکرٹ فنڈ بناکر الیکشن کے پیسے بانٹنا شروع کردیے ہیں اگر پیسوں کے بارے میں بتا دوں تو نیا باب کھل جائے گا تاہم آئندہ الیکشن میں دھاندلی ہر گز نہیں ہوگی جب کہ شہباز شریف سے ابھی ماڈل ٹاؤن کیس کا حساب لینا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ فیض آباد دھرنے میں کیپٹن (ر) صفدر کی رقم خرچ ہوئی، حکومت دھرنے کے شہداء کے ورثاء کو 25، 25 لاکھ روپے امداد دے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری جمائما سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، پاکستان میں بے نظیر بھٹو نے آصف زرداری جب کہ جمائما نے عمران خان کو عروج پر پہنچایا۔