|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2017

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو خوبصور ت بنانے اور سڑکوں کو چوڑا کرنے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کو کوئٹہ میگا پروجیکٹ میں شامل کر کے 12 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد رقم مختلف مدعات میں خرچ کی جا رہی ہے ۔

اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کوئٹہ کے باسی پینے کے صاف پانی ، صفائی کی ناقص صورتحال سمیت دیگر مسائل سے دو چار ہے اربوں روپے کے منصوبے سے کروڑوں روپے کی لاگت سے چائینز سرکل لائٹس روڈوں پر لگا کر پیسوں کو ضائع کیا جا رہا ہے جس سے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی مدد نہیں ملنی۔

ذرائع کے مطابق 2015-16 کی پی ایس ڈی پی میں کوئٹہ کی خوبصورتی اور مختلف میگا منصوبے بنا نے کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے6 ارب روپے جبکہ سابق وزیراعظم پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر میاں محمد نوازشریف نے کوئٹہ کی تعمیر وترقی اور خوبصورتی کے لئے5 ارب روپے دیئے تھے ۔

11 ارب روپے کے علاوہ شہر میں میٹرو پولٹین کارپوریشن کی صفائی اور کچرہ اٹھانے والی ناکارہ اور خراب گاڑیوں کی مرمت کے لئے85 کروڑ روپے جبکہ شہر میں ڈمپ کیا گیا کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے25 کروڑ روپے الگ سے فراہم کئے ۔

اس کے علاوہ کوئٹہ ائیر پورٹ روڈ سمیت جوائنٹ روڈ، گوالمنڈی چوک، سریاب روڈ اور مختلف روڈوں کو چوڑا اور لائٹس لگانے کے لئے مزید25 کروڑو روپے دیئے 12 ارب35 کروڑ روپے کے فنڈز کی فراہمی کے باوجود شہر کی حالت سب کے سامنے ماضی کے لٹل پیرس کوئٹہ کی حالت روز روشن کی سب کے سامنے عیاں ہے جبکہ حکومت اور اتحادی بلند وبانگ دعوے کر رہے ہیں کہ شہر کے مسائل حل کرنے اور خوبصورت بنانے کے لئے اسٹریٹ لائٹس اور دیگر میگا منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔

کروڑوں روپے کی لاگت سے شہر میں چائینز سرکل لائٹس نصب کی گئی ہے اور پیسے کا ضیاع کر کے اس کا صحیح مصرف عمل میں نہیں لیا گیا کہ یہ فنڈز عوام کے حقیقی مسائل کے حل پر خرچ کر کے انہیں بہتر بنایا جاتا ۔

ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس لہڑی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی جانب سے ملنے والے ان اربوں روپے کے فنڈز سے کوئٹہ میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جس میں سریاب، جوائنٹ روڈ، گوالمنڈ چوک کو کشادہ کرنے سمیت دیگر میگا منصوبے کوئٹہ میگا پروجیکٹ میں شامل کئے گئے ہیں جن کے بننے سے شہر کی حالت زار بہتر ہو گی۔