|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2017

کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر کے روبرو بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خردبردکیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران ملزمان بر حراست ٹھیکیدار سہیل مجید اور سابق مشیر خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اور ملزمان بر ضمانت عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کو پیشی کے موقع پر پیش نہیں کیاجاسکا۔

گزشتہ روز کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نیب کی جانب سے گواہ استغاثہ بلڈر زکنسٹرکشن کے عاطف حسین کو پیش کیا گیا جنہوں نے ڈی ایچ اے کراچی میں تعمیر کئے گئے مختلف بنگلوں کے متعلق اپنا بیان قلم بند کروادیاجس پرفاضل وکلاء صفائی نے جرح مکمل کی ۔

بعدازاں عدالت نے ملزمان برحراست کی جوڈیشل ریمانڈ میں 28دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر5مزید گواہان استغاثہ کو طلب کرلیا۔واضح رہے کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ فنڈز خردبرد کیس میں اب تک 27گواہان استغاثہ کے بیانات قلم بند کئے جاچکے ہیں ۔