|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2017

کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری ،سینیٹر زفرحت اللہ بابراورشیر ی رحمان نے کہاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ حقوق کی آواز بلند کی ہے کرسمس سے قبل دہشتگردی کے واقع کا رونما ہونا افسوس ناک ہے دہشتگردی کیخلاف پوری قوم متحدہے ۔

اقلیتوں پر حملہ پاکستان کی بنیاد اور نظریاتی ستون کیخلاف ہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں مسیحی برادری کیساتھ دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں یہ بات انہوں نے جمعہ کی شب کوئٹہ میں مشن کمپاؤنڈ کے بشپ ہاؤس میں مسیحی برادی سے چرچ حملے میں جاں بحق ہونیوالے افراد سے اظہار تعزیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی پیپلز پارٹی کے وفد نے دہشتگردی کا شکار ہونیوالے چرچ کا بھی دورہ کیا ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،صوبائی سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی،بشپ صادق ڈینئل ،اقلیتی رہنماء جعفر جارج ،چودھری شاہ سلامت ،میر مقبول لہڑی ودیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہاکہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زردار ی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے احکامات پر مسیحی بھائیوں کا غم بانٹنے آئے ہیں پیپلز پارٹی مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

ہمار اماننا ہے کہ مسیحی پاکستان کے برابر کے شہری ہیں ہم نے ہمیشہ برابری کی بات کی ہے جو جانی نقصان دہشتگردی کے واقعے میں ہوا ہے اسے پورا نہیں کیا جاسکتالیکن مسیحی بھائیوں کی تکلیف اور پریشانی دور کرنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہاکہ کرسمس کے موقع پر ایسا غم آنا انتہائی افسوس ناک ہے لیکن مسیحی برادری نے غم کا اظہار تو کیا ہے مگر ان کے لہجے میں ذراء بھی تلخی نہیں تھی جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے 11اگست 1947کے خطاب پر یقین رکھتے ہوئے اقلیتوں کو پاکستان کا برابر کا شہری تصور کرتی ہے اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں اسی عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی سانحے میں زخمی ہونیوالوں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ مکمل تعاون کرے گی اور انکی مالی امداد کیساتھ ساتھ علاج ومعالجے میں بھی معاونت فراہم کرے گی ۔سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ ہم کسی بھی قسم کی پوائنٹ سکورنگ کرنے کیلئے نہیں آئے مسیحی برادری کا غم بانٹنے کیلئے آئے ہیں ہم نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے ۔

کوئٹہ مسلسل دہشتگردوں کے نشانے پر ہے او راب اقلیتوں کے مقدس مقاما ت پر حملے ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کو اپنی عبادت کیلئے کھلی فضاء ملنی چاہیے آج ہر پاکستانی افواج پاکستان کے ہمراہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کھڑا ہے اور ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ضرور کامیاب ہونگے ۔

اس موقع پر بشپ صادق ڈینئل نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مسیحی برادری کے دکھ میں شرکت کرکے پیپلز پارٹی نے قومی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے پوری مسیحی برادری دہشتگردی کے واقع کے بعد غمزدہ ہے او رغم کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دینے والوں کے شکر گزار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں وکلاء،یونیورسٹی اور دیگر حملوں میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے مسیحی برادری ہرحال میں رہے گی اور مستحکم پاکستان بنانے کیلئے اپنا کردار اد اکرے گی ۔