|

وقتِ اشاعت :   December 24 – 2017

زہری : وزیرعلیٰ بلوچستان نوا ب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔ پورے صوبے میں عوام سے متعلق تمام شعبوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دیکر عوام کے مسائل کم کرنے کی کوشش کی ہے ۔

ہماری حکومت تعلیم کوخصوصی اہمیت دیکر صوبے سے ناخواندگی کے خاتمہ کے لئے اقدامات عمل میں لائی ہے ، صحت، مواصلات ، بجلی کی فراہمی ،ڈیمز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ، کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا اور کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے کی سہولیات فراہم کرنا بھی موجودہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج ہفتہ کے روز ایک روزہ دورے پر تحصیل زہری اور انجیرہ پہنچنے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔نوابزادہ میر ہمزہ زہری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔۔ اس سے قبل وہ تحصیل زہری پہنچے تو کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے ان کا استقبال کیا۔ 

پولیس کے چاک و چوبند دستہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو سلامی دی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بعد ازاں تحصیل زہری(کہن) میں پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا شہید سکندر اسپورٹس کمپلیکس کا معائنہ کیا ۔ تعمیراتی کام سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کومتعلقہ محکمہ کے آفیسران نے بریفنگ دی ۔ 

اس موقع پرڈی آئی جی خضدار رینج نثاراحمد، ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمن قمبرانی ، ایڈیشنل کمشنر (ر) میجر اورنگزیب بادینی ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے اسٹاف آفیسر میر عبدالرزاق زہری ، پولیٹیکل آفیسر سیف احمد زہری ، اسسٹنٹ کمشنر خضدار حبیب احمد ، میر بشیراحمد ہارونی ، میر عبدالواحد ہارونی، حاجی رحمت اللہ زہری ،مسلم لیگ (ن) خط کپر گھوڑاوہ کے رہنماء نصراللہ شاہوانی ، ایکسیئن مواصلات انیس الرحمن بھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے کہن زہری میں مختلف وفود نے ملاقاتیں بھی کیئے ۔ تحصیل زہری کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری انجیرہ پہنچنے ، جہاں وہ انجیرہ میں زیر تعمیر ڈیم کا دورہ کیا ، اور متعلقہ آفیسران سے ڈیم پر تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ لی ۔ 

جس کے بعد شہدائے زہری نوابزادہ میر سکندر زہری ، میر مہراللہ زہری ، میر زیب زہری کی قبروں پر پھول نچھاور کیئے اور دعاء کی ۔ انجیرہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے مختلف وفود نے ملاقات کی ، خط کپر و گھوڑاوہ کے وفد کی قیادت نصراللہ شاہوانی کررہے تھے ۔ 

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ حکومت عوام کی ترجیحات کو مدنظر رکھ کر منصوبے بنارہی ہے ۔ عوام کے اعتماد کو بحال کرنا اور ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے ۔

ہماری حکومت کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ جو بڑے اربوں روپے کے منصوبے رکے ہوئے تھے نہ صرف ان پر کام کا آغاز کرکے انہیں مکمل کردیا گیا بلکہ ایسے بہت سارے دیگرمنصوبے بنا کر صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ شامل کردیا ۔

انہوں نے کہاکہ صوبے میں بارشیں کم ہوئی ہیں بارش کا پانی ضائع ہو کر ندی نالوں کی نظر ہوجاتا تھا ، اس مقصد کے لئے ڈیمز کی تعمیر پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

مقامی سطح پرانجیری، سوئندہ ڈیم سمیت بننے والے دیگر ڈیمز سے اس پورے علاقے کو فائدہ ملے گا،ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بنجرو غیر آباد زمینوں کو بھی آباد کیاجاسکے گابلکہ عوام کو پینے کا صاف پانی بھی میسر آئیگا ۔

وزیرعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ صوبے میں تعلیمی اداروں کا قیام ،مرکزا صحت میں اضافہ اور دیگر عوامی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے ۔

ہم نے اپنی بساط کے مطابق عوام کی فلاح و بہود کے لئے وسیع پیمانے پر منصوبے تشکیل دیکر ان کو پائیہ تکمیل تک پہنچادیا ، مستقبل میں بھی اسی طرح عوامی خدمت اور عوامی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔