کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام برادر ملک متحدہ عرب امارات کے عوام سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور خاص طور سے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے انہوں نے مختلف شعبوں میں جو تعاون کیا ہے اسے ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔
یہ بات انہوں نے اتوار کے روز متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر ڈاکٹر شیخ سلطان بن خلیفہ بن زائد ا لنحیا ن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے محمد بن سلطان بن خلیفہ، پاکستان میں متعین متحدہ عرب امارات کے سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان وسیع و عریض خطہ ہونے کے ساتھ ساتھ طویل ساحلی پٹی اور قیمتی معدنیات سے مالامال صوبہ ہے جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ، حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بردار ملک متحدہ عرب امارات کے تعاون سے صوبے کے قدرتی معدنی وسائل کو استعمال میں لاکر نہ صرف پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے صف میں شامل ہوسکتا ہے بلکہ اس سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو بھی بے پناہ فائدہ حاصل ہوگا۔
وزیر علیٰ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور اس سے بردار ممالک کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شیخ سلطان بن خلیفہ بن زائد ا لنحیا ن نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سمیت ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گی۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے معزز مہمانوں کے اعزاد میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔
دریں اثنا ء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے۔
اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد ی کی جنگ میں ہمارے سیکورٹی فورسزبہادری کا مظاہرہ کر کے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اپنی منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی بہادری اور جرات پر فخر ہے، ہماری بہادر افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے آفسران اور جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردی کی جنگ میں مصروف ہیں۔
ہار دہشت گردوں کا مقدر ہے، بچ جانے والے دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائگا ۔ وزیر اعلیٰ نے شہیداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبروجمیل کی دعا کی ہے۔
حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہرطرح معاونت کررہی ہے، نواب زہری
وقتِ اشاعت : December 25 – 2017