اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا ہوا اور آج ملک میں طلب سے زائد بجلی پیدا ہورہی ہے۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانان برصغیر کو انگریز سامراجیت کے تسلط سے نجات دلائی، قائداعظم کی سیاسی جدوجہد اور ان کی قیادت میں پاکستان دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا، قائد اعظم کی شخصیت تمام پاکستانیوں کے لیے مشعل راہ ہے، آج پوری قوم عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 2018 میں ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ پرامن جمہوری انتقال اقتدار ہوگا، آنے والا وقت جمہوری نظام کومزید تقویت بخشے گا، ہم سب کو مل کر پاکستان کو جمہوری قوت بنانا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ 2013 میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں جھوٹی ثابت ہوئیں، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا ہوا، ملک میں طلب سے زائد بجلی پیدا ہورہی ہے، حکومت کی کاوشوں سےپاکستان دنیا میں ابھرتی معیشت تسلیم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا دہشت گردی کیخلاف وژن تکمیل کوپہنچ رہا ہے۔