|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2017

 لاہور: تحریک انصاف کی باغی رہنما عائشہ گلالئی نے اپنی نئی جماعت کے نام کا اعلان کردیا جب کہ ان کی ایک خفیہ ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ تحریک انصاف کی کارکنوں کی وفاداریاں تبدیل کروانے کی کوشش کررہی ہیں۔

عائشہ گلالئی نے اپنی نئی جماعت کا اعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کی ناراض خواتین ارکان سے رابطے شروع کردیے۔ عائشہ گلالئی نے لاہور میں پی ٹی آئی کی سینئر رہنما سیما انوار سے ملاقات کی اور انہیں اپنی جماعت میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ گلالئی نے سیما انوار سے پی ٹی آئی کی ناراض خواتین ارکان کے ناموں کی فہرست بھی مانگی۔ سیما انوار نے گلالئی کو ٹالتے ہوئے کہا کہ مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گی۔ 

سیما انوار نے گلالئی کو ناراض کارکنان سے رابطہ کروانے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ زینب، فریدہ اور بہت سی خواتین کارکنان پارٹی سے ناراض ہیں ان سے رابطہ کرواسکتی ہوں۔ اس موقع پر عائشہ گلالئی نے دعوی کیا کہ آدھی تحریک انصاف ان کی پارٹی میں شامل ہوجائے گی اور ان کی پارٹی کا نام “تحریک انصاف گلالئی” ہوگا۔

گلالئی کا کہنا تھا کہ مجھے خان صاحب اور ان کی ذہنیت کا پتہ ہے، پی ٹی آئی کارکنان جھوٹی امیدیں چھوڑ دیں، تحریک انصاف کی قیادت خواتین کی مخصوص نشستوں کے ٹکٹ سرمایہ داروں اور مالداروں کو دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ بھی مسلم لیگ این ہی ہے۔