کوئٹہ: کوئٹہ کی احتساب عدالت نے ڈائیلاسز مشینوں کی خریداری میں خورد برد کا الزام ثابت ہونے پر سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی اور سابق سربراہ نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ سول ہسپتال کو تین تین سال قید کی سزا سنادی ۔ سزا سنائے جانے کے بعد دونوں ملزمان کو کمراہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔
احتساب عدالت کوئٹہIکے جج مجید ناصر کی عدالت میں سول ہسپتال کوئٹہ کیلئے ڈائیلاسز مشینوں کی خریداری میں خورد برد کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جرم ثابت ہونے پر سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی، عبدالغفار کیانی اور سابق سربراہ نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر علی دوست کو تین سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔ دو نوں ملزمان کوفی کس34لاکھ 31ہزار179روپے کے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزمان کو مزید چار سال قید کی سزا ہوگی۔ تیسراملزم ٹھیکیداراختر حمید تاحال مفرور ہے ۔عدالت نے غیر حاضری پر ملزم اختر حمید کو بھی تین سال کی قیدبامشقت کی سزا سنائی جبکہ الزام کی حد تک کیس کو ملزم کی گرفتاری تک محفوظ رکھا گیا ہے۔
نیب کے مطابق ڈائیلاسزمشینوں کی خریداری کے کیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے خان انٹرپرائزز کے مالک وپروپرائٹر ٹھیکیدار اختر حمید کے ساتھ ڈائیلاسز مشینوں کی ٹیکس اور سکورٹنی قبل از وقت ریلیز کرنے کی مد میں قومی خزانہ کو تقریباً ایک کروڑ 29لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جس پر ملزمان کے خلاف 2015ء میں نیب کی جانب سے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیاتھا۔
ڈاکٹر عبدالغفار کیانی میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ کے سابق ایڈیشل ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ خریداری کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے سیکریٹری اور ڈاکٹر علی دوست بھی خریداری کمیٹی کے رکن تھے۔
سابق سیکرٹری صحت محمد جلال ،ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ کے ریپریزنٹیٹو ڈاکٹر عیسیٰ خان ،محکمہ خزانہ کے سید علی ،ایڈیشنل سیکرٹری صحت ڈاکٹرنصیراحمد بلوچ ،میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹرعبدالباقی درانی ،سرجری ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر دین محمد بلوچ اور فارما سسٹ سیف الرحمن کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا۔
ڈائیلاسز مشینوں کی خریداری کی سزا میں کرپشن ثابت ہونے پر ملزمان کو تین سال قید کی سزا
وقتِ اشاعت : December 29 – 2017