کوئٹہ: گوادر کے علاقے پسنی میں مکران کوسٹل ہائی وے پر تیل کی اسمگلنگ کرنیوالی دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ دو افراد جھلس کر جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
تفصیل کے مطابق واقعہ کوسٹل ہائی وے پر پسنی ایئر پور ٹ کے قریب پیش آیا جہاں دو مزدا گاڑیوں میں ٹکر ہوئی جس کے بعد ایک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ گاڑی میں آگ لگنے کا سبب ایرانی ڈیزل بتایا جاتا ہے جو پسنی سے کراچی اسمگل کیا جارہا تھا جبکہ دوسری گاڑی بھی ایرانی ڈیزل کراچی اسمگل کرکے واپس خالی آرہی تھی۔
ڈی ایس پی مقصود انور کے مطابق حادثے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت راشد اور صابر کے نام سے ہوئی ہے جو مزدا کے ڈرائیور اور کلینر بتائے جاتے ہیں۔ ادھر کچلاک میں ٹریفک حادثے میں ایک بچہ جبکہ بھاگ میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
گوادر، پسنی کے قریب تیل لے جانے والی گاڑیوں میں آتشزدگی دو افراد جاں بحق
وقتِ اشاعت : December 29 – 2017