|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2017

نیویارک: برانکس کے علاقے میں رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق رات گئے نیویارک کے علاقے برانکس میں واقع رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوع پر روانہ ہوگئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو متاثرہ عمارت سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ نیویارک حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

نیویارک کے میئر بل دی بلیزیو نے واقعے کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے کہ ’کم سے کم ایک چوتھائی صدی میں اس شہر میں لگنے والی یہ بدترین آگ ہے، یہ ایک غیر معمولی سانحہ ہے‘۔ اس آگ میں 12 لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

نیویارک کے میئر نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں جب کہ انہوں نے نیویارک میں رہنے والے افراد سے مرنے والے افراد کےلیے دعا کرنے کی بھی درخواست کی۔