خضدار: نجی کمرشل بینک( حبیب بینک پاکستان) کی جانب سے ضلع خضدار و لسبیلہ کے تعلیمی اداروں میں ایک کروڑ65لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیئے گئے ، لیب ،سولر سسٹم اور تعلیمی اداروں کے تعمیر و ترقی کے لئے یہ رقم خرچ کی جائیں گی ۔
کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی جانب سے اداروں کی تعمیر وترقی کے لئے فراہم کردہ رقم کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے اسے ایچ بی ایل کے اونرز و منتظمین کی تعلیم دوستی کا نتیجہ قرار دیدیا ۔آج یہاں ڈویژنل پبلک اسکول خضدار میں کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی موجودگی میں حبیب بینک کے ریجنل چیف اعجا ز احمد نے تعلیمی اداروں کے سربراہان میں چیک تقسیم کیئے ۔
اس موقع پر بی آر سی خضدار کے پرنسپل حاجی محمد عالم جتک ، ڈی پی ایس کے بورڈ ممبر سلطان احمد شاہوانی ،بی یو ای ٹی خضدار کے رجسٹرار شیراحمد قمبرانی ، ڈی پی سی خضدار کے پرنسپل عطاء محمد قمبرانی ،ڈی پی ایس خضدار کے استاذ جاوید احمد زہری ، زہری اسکول کے سربراہ شاہ بیگ ،خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی ایچ بی ایل کے ریجنل آپریشن چیف ثناء اللہ خان ایریا منیجر ایچ بی ایل شاہ مرید بلوچ ایچ بی ایل خضدار کے منیجر محمد نواز مینگل بھی موجود تھے ۔
ڈویژنل پبلک اسکول خضدارکو 50لاکھ روپے ، آئی ٹی یونیورسٹی بیلہ50لاکھ روپے ،نیوویژن سوسائٹی بیسمہ 35لاکھ روپے ،نیشنل گرائمر اسکول زہری کو 30لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے ۔
ریجنل چیف ایچ بی ایل اعجاز احمد نے کہاکہ یہ تھوڑی سی گرانٹ ہے خضدار اور بیلہ کے تعلیمی اداروں کے لئے ہماری کوشش ہے کہ دور دراز علاقوں میں تعلیمی اداروں کے معاون بن کر ہم تعلیمی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔جس کے لئے ایچ بی ایل نے اپنی بساط کے مطابق یہ رقم فراہم کردی ہے ۔
کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہاکہ حبیب بینک پاکستان کی جانب سے خضدار وبیلہ کے تعلیمی اداروں کے لئے رقم مختص کرنا قابل تحسین عمل ہے ہم اس کمرشل ادارہ اور اس کے منتظمین کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
اس رقم سے یقیناًمتعلقہ تعلیمی اداروں کی تعمیر و ترقی ہوسکے گی اور تعلیمی لوازمات پورے کیئے جاسکیں گے ۔ایچ بی ایل نے ایسے تعلیمی اداروں کا چناؤ کرکے انہیں یہ گرانٹ دی ہے کہ جواپنی محنت و لگن سے ناخواندگی کے خاتمہ کے لیئے کردار ادا کررہے ہیں ۔
ڈی پی ایس کے بورڈ ممبر سلطان احمد شاہوانی ، بی آر سی خضدار کے پرنسپل حاجی محمد عالم جتک ، گرائمر اسکول زہری کے ڈائریکٹر شاہ بیگ زہری نے ایچ بی ایل کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ یہ رقم صحیح معنوں میں خرچ کیئے جائیں گے اور اسے تعلیمی ترقی کے لئے بروئے کا ر لائیں گے ۔
خضدار اور لسبیلہ کے تعلیمی اداروں میں ایک کروڑ65لاکھ کے چیکس تقسیم
وقتِ اشاعت : December 31 – 2017