کوئٹہ: دکی،حب اور سبی میں ٹریفک حادثات میں چچا اور بھتیجی سمیت تین افراد جاں بحق اور 14افرادزخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق پیر کو دکی کے علاقے ربات میں باراتیوں کی گاڑی سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں محمد ظاہر خان ولد دوست محمد ناصر اور اس کی آٹھ سالہ بچی راقیمہ دختر محمد انور جاں بحق ہوگئے۔ آٹھ سالہ رومیلہ بی بی دختر یار محمد ، دس سالہ عابدہ دختر حاجی حلیم ، تین سالہ سالار خان ولد محمد ظاہر اور تاج محمد ولد فیض محمد حادثے میں زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
ادھرحب کے علاقے ساکران روڈ پر آڑ سی ڈی شاہراہ پر ڈمپر گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار رضا محمد ولد خدا ڈینہ جاں بحق ہوگیا۔ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔دریں اثناء سبی کے علاقے لنجی میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹوڈی کار ٹریکٹر سے ٹکرا گئی ۔
حادثے کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دوست محمد ،یاسر عباس ،محمد علی،رفاقت بی بی ،عبدالحنان اور محمد کی شناخت ہوئی ہے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیاگیا۔
اندرون بلوچستان ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق
وقتِ اشاعت : January 2 – 2018