|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2018

وائٹ ہاؤس نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکہ اِس بات کا خواہاں ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان مزید کوششں کرے اور یہ کہ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لیے چند ہی روز میں اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ دہشت گردی کو روکنے کے لیے وہ مزید کوشش کر سکتا ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ ایسا کرے‘‘۔

بقول اُن کے ’’اِن مخصوص اقدامات کے اعتبار سے میرے خیال میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران اس ضمن میں آپ مزید تفصیل ملاحظہ کریں گے‘‘۔

اس سے قبل منگل ہی کے روز اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا تھا کہ امریکہ پاکستان کو امداد میں دی جانے والی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم روک رہا ہے چونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان مکمل تعاون میں ناکام رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے بیان کے جواب میں پاکستان کی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ اُن کے ملک نے دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور ’’دنیا کے کسی بھی اور ملک کے مقابلے میں انسداد دہشت گردی کا سب سے بڑا آپریشن کیا ہے۔‘‘

ملیحہ لودھی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ کو اپنی ’’غلطیوں اور ناکامیوں‘‘ کا الزام دوسروں پر نہیں ڈالنا چاہیئے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اگر اُن کے ملک کے کردار کو نا سراہا گیا تو ’’ہم اپنے تعاون پر نظر ثانی کر سکتے ہیں۔‘‘

سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تعاون اس خیال سے نہیں کہ اُسے امداد فراہم کی جائے گی بلکہ اُن کے بقول اس تعاون کی بنیاد قومی مفاد اور اصولوں کی بنیاد پر ہے۔