|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2018

ریاض: یمن سے سعودی عرب کے جنوبی صوبہ جازان پر گولہ باری کے نتیجے میں پاکستانی مزدور جاں بحق ہوگیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان پر مارٹر گولے داغے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل یحییٰ القحطانی نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ جاں بحق کا تعلق پاکستان سے تھا جو محنت مزدوری کے لیے سعودی عرب میں مقیم تھا۔

حملے میں تین گھروں کو نقصان پہنچا اور ایک گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

واضح رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت وسیع علاقے پر حوثی باغیوں نے قبضہ کرلیا ہے جو سعودی عرب پر میزائل اور گولہ باری کرتے رہتے ہیں۔

سعودی عرب کی زیر قیادت اسلامی فوجی اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔ اس جنگ میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سعودی فوجی بھی شامل ہیں۔