|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2018

اسلام آ باد۔:  چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس ( ر) جاوید اقبال نے  بلوچستان کے وزیر جنگلات عبیداللہ جان بابت،سندھ کے سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کیخلاف کرپشن اوردیگرالزامات کی شکایات پرجانچ پڑتال کاحکم دے دیا ہے۔

بلوچستان کے وزیر جنگلات عبیداللہ جان بابت کیخلاف شکایت ملی تھی کہ ان کی دبئی میں جائیداد ہے، اس کے علاوہ کراچی میں تقریباً 13ملین روپے کی جائیداد، ملتان میں2 بنگلے، ڈی جی خان میں 75ملین روپے کا پٹرول پمپ اورکوئٹہ میں ایک بنگلے کے بھی مالک ہیں۔

چیئرمین نیب نے ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان کیخلاف بھی آمدن سے زائد اثاثے بنانے، سرکاری گاڑیوں کی مرمت، پٹرول اور دیگر فنڈزکے بے جا استعمال کی شکایت کا بھی نوٹس لیا ہے۔ ان دونوں معاملات پر ڈی جی نیب بلوچستان کوجانچ پڑتال کا حکم دیا گیا ہے۔

جسٹس ( ر) جاوید اقبال نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، سہیل جمالی اور دیگرافرادکیخلاف محکمہ جنگلات کی2500 ایکڑ زمین پر غیر قانونی قبضہ اور محکمہ ریونیوکے افسران کے ساتھ مل کر زرعی زمین کو غیر قانونی طور پر سندھ کے ضلع سجاول میں کاشت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

علاوہ ازیں چیئرمین نیب نے سندھ کے سیکرٹری صحت ڈاکٹر فضل اﷲ پیچوہوکیخلاف سیکریٹری محکمہ تعلیم کے طور پرکام کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال اور اپنے من پسند افسران کی قواعدکیخلاف ٹرانسفرز/ پوسٹنگ اور سیکریٹری صحت کے طور پر غیر معیاری دواؤں کی خریداری کے ٹھیکے دینے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔