اسلام آباد:بھارت نے پاکستان میں گرفتاراپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کے مقدمے میں اضافی جواب جمع کرانے کیلیے عالمی عدالت انصاف سے3 ماہ کا مزید وقت مانگ لیا ہے۔
بین الاقوامی قانون کے ماہرایک سینئر وکیل نے بتایا کہ عالمی عدالت انصاف کے قواعد کے مطابق دونوں فریق اضافی جواب اوردستاویزات جمع کرانے کیلیے وقت لے سکتے ہیں، عالمی عدالت انصاف نے بھارت کو3 ماہ کا وقت دیا تو پاکستان بھارت کی اضافی دستاویزات کے جواب میں مواد پیش کرنے کیلیے اتنی ہی مدت لے سکتا ہے کیوں کہ اضافی جوابات جمع ہونے کے بعد عالمی عدالت انصاف سماعت کاشیڈول دیتی ہے۔
قانونی ماہرین اس معاملے پر محو حیرت ہیں کہ بھارت اس معاملے کو غیر ضروری طور پرکیوں لٹکا رہاہے، پاکستان نے 13دسمبر کو عالمی عدالت میں 1700 صفحات پرمشتمل جواب جمع کرایا تھا جس میں کلبھوشن کو قونصلر رسائی نہ دینے پربھارت کااعتراض مستردکردیا تھا۔