کوئٹہ : ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے 2 تاجروں سے ایک کروڑ سے زائد روپے بھتہ وصولی کرنے کے لئے دھمکی دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔
’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 31 دسمبر کو ایک ہندؤ تاجر نے سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اسے نامعلوم ملزمان کی جانب سے بھتہ وصولی کے لئے کال کی گئی تھی اور ایک لیٹر کے ذریعے ایک پسٹل کی گولی اور 80 لاکھ روپے بھتہ وصولی کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔
جس پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اور ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت دیگر عملے نے مذکورہ فون نمبر کے ذریعے بھتہ وصولی کے لئے مطالبہ کرنے والے ملزم کا کھوج لگانا شروع کیا اورملزم غفور سکنہ بلوچی اسٹریٹ کو گرفتار کیا ۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ایک اور تاجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ وصولی کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی تھی لیکن ملزم کی گرفتاری اور اس نے دوران تفتیش بھتہ کا مطالبہ کرنے سمیت دیگر دھمکی آمیز لیٹر کے حوالے سے اقرار جرم کیا ہے ۔
انہوں نے بھتہ کے لئے یہ کام کیا تھا جس پر پولیس نے سال 2018ء کا بھتہ وصولی کا پہلا کیس چند گھنٹوں میں حل کرکے ملزم کو قانون کے شکنجے میں جکڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر شہری پولیس کیساتھ تعاون کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ جرائم پیشہ عناصر اغواء برائے تاوان اور بھتہ وصولی میں ملوث ملزمان قانون کے کٹہرے میں لاکر انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔