|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2018

کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مددجتک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نواب ‘ سردار کی سیاست اور اقتدار زوال پذیر ہو گیا موروثی سیاست کرنے والوں نے بلوچستان کوترقی دینے کے بجائے کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ۔

قوم پرستوں اور مفاد پرستوں نے بلوچستان کو لوٹ کر لندن اور دیگر بیرونی ممالک میں جائیدادیں بنائیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اخلاقی اعتماد کھو چکے ہیں اب ان کو اخلاقی طورپر مستعفی ہونا چاہئے جو لوگ تحریک عدم اعتماد کو غیر جمہوری کہہ رہے ہیں تو سابقہ دور حکومت کی برطرفی کے بعد ان قوم پرستوں اور مفاد پرستوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں کیا ۔

اس وقت جمہوری حکومت نہیں تھی موجودہ قوم پرست صوبائی حکومت کو بچانے نہیں بلکہ اپنی کرپشن کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں مگر نیب نے ان کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردیں اور آئندہ آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہے اور ان تمام قوم پرستوں اور وفاق پرستوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 90 ویں سالگرہ کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ ‘ سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ‘ لالہ یوسف خلجی ‘ ملک عبدالحمید کاکڑ ‘ مولابخش سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

میرعلی مدد جتک نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اب ان قوم پرستوں اور وفاق پرستوں سے حساب لیا جائے جنہوں نے 4 سال کے دوران قومیت اور وفاق کے نام پر اقتدار حاصل کرکے خوب کرپشن کی اب جب ان کے خلاف نیب نے کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی تو ان لوگوں نے سیاست شروع کردی ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے اپنے ہی لوگوں نے ان سے راستے جدا کر دیئے اب ان کو اخلاقی طورپر مستعفی ہو جانا چاہئے جن قوم پرستوں اور وفاق پرستوں نے ہماری حکومت کی برطرفی پر مٹھایاں تقسیم کیں آج ان کیساتھ وہی ہو رہا ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف جو تحریک عدم اعتماد لایا گیا ہے یہ جمہوری حق ہے اور ہرایک کو جمہوری حق کا اختیار حاصل ہے مگر آج جو لوگ ان کو غیرجمہوری کہہ رہے ہیں تو انہوں نے بھی کوئی جمہوری راستہ نہیں اپنایا اوران لوگوں نے بھی دوسروں کا کندھا استعمال کرکے اقتدار میں آئے ہیں اب وزیراعلیٰ بلوچستان کو کوئی بچانے والا نہیں ہے آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہے ہم ان سے ضرور حساب لیں گے۔